امریکی ائیر فورس کے مسلم اہلکاروں کو داڑھی اور حجاب کی اجازت مل گئی
واشنگٹن (این این آئی)امریکی ائیر فورس کے نئے قواعد کے تحت مسلمان اہلکاروں کو داڑھی اور حجاب کی اجازت مل گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ائیر فورس نے لباس کے قواعد و ضوابط میں تبدیلیاں کی ہیں جس کے تحت مسلمان اور سکھ اہلکار اپنے مذہبی احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی کرسکیں گے۔نئی اصلاحات کے بعد امریکی ائیر فورس میں شامل مسلمان داڑھی رکھ سکیں گے جبکہ مسلم خواتین یونیفارم کے ساتھ حجاب کرسکیں گی۔قواعد کے مطابق سکھ اہلکار بھی داڑھی رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے مذہبی عقائد کے مطابق پگڑی بھی پہن سکیں گے۔نئے قواعد و ضوابط کے مطابق داڑھی صاف ستھری اور زیادہ سے زیادہ ٹھوڑی سے 2 انچ نیچے ہوسکتی ہے۔پگڑی اور حجاب کے رنگوں کو مدھم یا فوجی وردی کے رنگ سے ہم آہنگ ہونے کی شرط لازم رکھی گئی ہے تاکہ ائیر فورس کا پیشہ ورانہ انداز بھی متاثر نہ ہو۔