حکومت مدت پوری کرے گی‘ بجلی‘ گیس مہنگی نہیں ہو رہی: غلام سرور
کراچی(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے، ہماری زندگی کا مقصد ملک وقوم کی بقا کی جنگ لڑنا ہے۔ایک بیان میں غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ آزادی کی نعمت کا اندازہ کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کو ہے، بھارت نے پلوامہ واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک سے کھلواڑ کیا گیا، یہ سال پچھلے سال کی نسبت بہتر ہوگا، حلقہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں، گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کررہے ہیں۔ وزیر کا کہنا تھاحکومت مدت پوری کرے گی، افواہوں پر کان نہ دھریں، کیبنٹ کی میٹنگ میں سب سے پہلا ایجنڈا مہنگائی ہوتا ہے۔غلام سرور کا مزید کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہورہا۔ 55 ارب کے رنگ روڈ پروجیکٹ کی منظوری ہوچکی ہے، 2023 تک رنگ روڈ مکمل ہوجائے گا۔