• news

منڈی بہاؤ الدین‘ کندیاں میں حادثات‘ 2 دوستوں سمیت 4 جاں بحق

منڈی بہاؤالدین‘ کندیاں (نامہ نگاران)منڈی بہاؤ الدین میں ٹرک نے موٹر سائیکل کچل دی۔ 2 دوست جاں بحق جبکہ کندیاں میں تیز رفتار بس الٹنے سے 2 مسافر چل بسے۔ 17 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤ الدین کے نواحی گاؤں کوٹ نواب شاہ کے رہائشی دو دوست 18 سالہ علی حسن اور 18 سالہ ثقلین اپنے دوستوں کے ہمراہ رسول بیراج پر پکنک منانے کے بعد واپس گھر کی جانب جا رہے تھے، رسول روڈ پر مونگ گائوں کے قریب تیز رفتار بے قابو ٹرک نے انہیں کچل دیا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں دونوں دوست جان کی بازی ہار گئے۔ کندیاں سے نامہ نگار کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے راولپنڈی جانے والی پرائیویٹ کمپنی کی مسافر بس پر ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث قابو نہ پا سکا اور بس الٹ کر سڑک کے قریب کھائی میں جا گری جس سے دو مسافر محمد عاطف اور محمد عمیر ساکن تونسہ شریف موقع پرجاں بحق ہو گئے جبکہ 17 مسافر شدید زخمی ہو گئے جن میں سے 5 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن