• news

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ لاہور پہنچ گئے‘ آج مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے

لاہور(نیوز رپورٹر‘نامہ نگار) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس گزشتہ رات لاہور کے دورے پرپہنچ گئے، وہ لاہور کے دورے میں مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ لاہور میں قیام کے دوران ڈیفنس کے ایک نجی سکول کی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور کرتار پور گوردوارہ کا دورہ کریں گے، ان کے اعزاز میں آج رات عشائیہ دیا جائے گا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس آج 18فروری کواپنا دورہ مکمل کرکے واپس چلے جائیں گے۔ اقوامِ متحدہ کے وفد کی لاہور آمد پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور پولیس کے مجموعی طور پر 3ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس کی سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے6 ایس پیز ، 30 ڈی ایس پیز ،71 ایس ایچ اوزاور 302 اَپر سب آرڈینیٹس سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔ وفد کے روٹ اور متعلقہ مقامات کے گرد بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے یواین او وفدکی آمد پر لاہور ایئر پورٹ سمیت متعلقہ مقامات اور روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ ا قوامِ متحدہ کے وفد کی لاہور آمد پر بین الاقوامی معیار کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن