• news

حریت وفد کی سیکرٹری جنرل یواین سے ملاقات،مسئلہ کشمیرپر3مطالبات پیش کردئیے

اسلام آباد ( جاوید صدیق) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ایک تین رکنی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے دارلحکومت میں ملاقات کی ہے۔ قابل اعتماد ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ حریت کے وفد نے سیکرٹری جنرل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تین مطالبات پیش کئے۔ پہلا مطالبہ یہ تھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ دوسرا مطالبہ جو سیکرٹری جنرل کو پیش کیا گیا وہ یہ تھا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو بند کرائے اس سلسلے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ حریت کے وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اپنا ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے جو حالات کا جائزہ لے کر اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل نے حریت کے مطالبات پر غور کرنے کا یقین دلایا۔ وفد کی قیادت حریت لیڈر فیض نقشبندی نے کی۔ دوسرے ارکان میں عبداللہ گیلانی اور سلیم وانی شامل تھے۔ حریت وفد نے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن