کشمیر پر سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستانی موقف کی تائید، سول سروسز اصلاحات سنگ میل: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سول سروسز میں اصلاحات نصف صدی سے مروجہ فرسودہ نظام میں تبدیلی اور پاکستان کے نئے روشن مستقبل کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، ترقی کے معیار بدلے گئے، نا اہلی کی حوصلہ شکنی اور اہلیت کی حوصلہ افزائی ہوگی، افراد کی خوشنودی یا کسی سیاسی خاندان کی خدمت گزاری ترقی کا معیار نہیں بنے گی۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ترقی کا معیار اب محنت، صلاحیت، عوامی خدمت اور عوام کے مسائل کے حل سے جوڑ دیا ہے، افسران کی ترقی اب ان کی کارکردگی اور عوامی خدمت سے منسلک ہے، وزیراعظم عمران خان عوام کے ریلیف کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر رہے ہیں، افسران کو اب کارکردگی کی بنا پر ترقی ملے گی۔ دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے مودی کے کشمیر کے حوالے سے ’’عالمی دبائو کی پرواہ نہیں‘‘ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان اورکشمیریوں کے موقف کی جیت ہے، پاکستان اور اقوام متحدہ عالمی امن،ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ ایجنڈے پر کاربند ہیں، جو بھی حق اور سچ کی بات کرے گا بھارت کو اس سے تکلیف ہو گی، بھارتی جھوٹ پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان اورکشمیریوں کے موقف کی جیت ہے، ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں،اقوام متحدہ اپنے اصولی موقف سے آگے بڑھتے ہوئے بھارت کو کشمیر میں جابرانہ ظلم وستم سے روکے اور اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔