• news

افغانستان: اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب، حتمی سرکاری نتائج کا اعلان

کابل (نیٹ نیوز) افغان الیکشن ْکمشن نے ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حتمی سرکاری نتائج کا اعلان 5 ماہ بعد کر دیا ہے، اشرف غنی ایک مرتبہ پھر دوبارہ ملک کے صدر بن گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ۔ الیکشن کمشن کے سربراہ حوا عالم نورستانی نے پریس کانفرنس میں سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان کیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں اشرف غنی نے 50.64 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق انتخابی نتائج کا اعلان 5 مہینے کی تاخیر سے کیا گیا ہے۔ صدر اشرف غنی کے انتخابی حریف عبداللہ عبداللہ نے تنائج نہ تسلیم کرتے ہوئے انتخابی عمل میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔ عبداللہ عبداللہ نے ووٹ دوبارہ گنتی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ حتمی نتائج کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے 39.52 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں الیکشن کمشن نے ابتدائی نتائج کا اعلان کیا تھا جن کوعبداللہ عبداللہ نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن