پارلیمنٹ لاجز: مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں آتشزدگی، شہباز کا اظہار تشویش
اسلام آباد / لاہور (وقائع نگار خصوصی/ نیوز رپورٹر) پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے قابو پا لیا۔ مریم اورنگزیب کو الاٹ کردہ فلیٹ نمبر 302 میں آگ لگی گئی۔ آگ کے باعث دھواں اردگرد کے کمروں میں بھی پھیل گیا۔ مریم اورنگزیب کے 2 ملازمین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا بھی پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں انہوں نے ڈائریکٹر لاجز سے استفسار کیا آگ کیسے لگی، جس پر ڈائریکٹر لاجز نے کہا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ آگ کیسے لگی، ملازم کے مطابق آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مریم اورنگزیب کو ٹیلیفون کرکے گھر میں آگ لگنے کے واقعہ کی مذمت اور تشویش کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے کہا اللہ تعالی کا شکر ہے کہ واقعہ میں جانیں محفوظ رہیں۔ مکمل تحقیقات کرائی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانا ضروری ہے۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مریم اورنگزیب اور ان کے بچے اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ لاجز میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پا رلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا اور سی ڈی اے کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سپیکر نے سی ڈی اے حکام سے واقعہ کی وجوہات اور نقصان کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں ۔