نیب نے جاوید لطیف کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
اسلام آباد (آئی این پی + وقائع نگار خصوصی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف کی ضمانت منسوخی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ درخواست میں میاں جاوید لطیف کی والدہ، بیٹے اور 4 بھائیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب میاں جاوید لطیف کے خلاف انکوائری کر رہا ہے، عدالت عالیہ کا حکم نیب بیورو کی انکوائری میں مداخلت ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ لاھور ہائیکورٹ کے 26 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صدر انجینئر امیر مقام نے نیب کی طرف سے جاری نوٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے کوئی نیب کا نوٹس جاری نہیں ہوا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے بھی نیب کے نوٹسز پر چھ بار پیش ہوچکا ہوں اب بھی اگر کوئی نوٹس ملا تو ضرور پیش ہوں گا۔