کالا باغ : پولیو ٹیم پر مسلح افراد کا حملہ، ایک ورکر زخمی
میانوالی (نمائندہ خصوصی )کالاباغ کے نواحی علاقہ تخت ریشوڑہ میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر 3مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس سے اعجاز نامی پولیو ورکر زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کالاباغ کے نواحی علاقہ تخت ریشوڑہ میں جب 3رکنی پولیو ٹیم پہنچی تو 3ملزموں نے اعجاز نامی پولیو ورکر پر حملہ کر دیا۔ میڈیا کو دیئے گئے۔ بیان میں اعجاز نے بتایا کہ مجھے 3افراد طارق، انور سادات اور ایک نامعلوم نے قطرے پلانے سے روکا اور کہا کہ ہم کوئی پولیو ڈیوٹی نہیں کرنے دیں گے اس کے بعد حملہ کر کے انہوں نے پستول کے دستہ سے وار کیا جس سے میں زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیو ورکر اعجاز کی طرف سے ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانہ کالاباغ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے اور زخمی پولیو ورکر اعجاز کو علاج کیلئے تحصیل ہسپتال کالاباغ منتقل کر دیا گیا ہے۔