سرکاری اراضی پر قابض مافیا کیخلاف صوبائی حکومت کیلئے جامع پالیسی تیار، چیئرمین نیب، وزیراعلیٰ پنجاب کو خط
اسلام آباد (نامہ نگار) سرکاری اراضی پرقابض مافیا کے خلاف نیب نے صوبائی حکومت کے لئے جامع پالیسی تیار کر لی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے وزیراعلی پنجاب کو پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے خط لکھ دیا۔ عثمان بزدار کو خط میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف پالیسی پر 2016 میں کام شروع کیا ریوینو ڈیپارٹمنٹ اور سرکاری افسروں کی مدد سے سرکاری اراضی پر پالیسی میں معاونت خوش آئند ثابت ہوئی، نیب کی سفارشات پرعملدرآمد کیلئے وزیراعلی پنجاب اور متعلقہ سرکاری محکموں کوخط لکھ دیا ہے۔ پالیسی کی تفصیلات محکمہ بورڈ آف ریونیو، لوکل گورنمنٹ، اریگیشن، زراعت، جنگلات اور محکمہ اوقاف کو فراہم کی گئیں، جس میں تمام سرکاری محکموں کونیب کی فراہم کردہ پالیسی پرعملدرآمد کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاویداقبال سے پاکستان میں نائیجیریا کے ہائی کمشنرمیجر جنرل(ر) عاشیمیو اے اولانی نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین نیب نے نائیجیریا کے ہائی کمشنر کو ادارے کی قومی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے، روک تھام اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر سے نمٹنے کے لیے قابل ذکر کوششوںسے آگاہ کیا۔