• news

پاکستان، بھارت جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے، 12 کروڑ افراد فوری ہلاک ہو جائیں گے

میونخ (این این آئی) میونخ سکیورٹی رپورٹ 2020 ء میں پاکستان اوربھارت کے درمیان جوہری جنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنگ ہوئی تو2025ء میں بارہ کروڑسے زائد لوگ فوری طورپرہلاک ہوجائیں گے۔تفصیلات کے مطابق میونخ سکیورٹی رپورٹ 2020 ء جاری کردی گئی، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی واقعہ ہوا تو پاکستان اوربھارت کے درمیان جوہری جنگ چھڑسکتی ہے‘جنگ ہوئی توپوری دنیا متاثرہوگی اور 12کروڑسے زائد افراد فوری طور پر ہلاک ہوجائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا جنگ میں 100سے 150جوہری ہتھیاراستعمال ہوسکتے ہیں اور 16سے 36ٹن کاربن کے سیاہ دھوئیں کا اخراج ہوگا۔سیکیورٹی رپورٹ کے مطابق جوہری جنگ سے زمین کے درجہ حرارت میں 2 سے 5 ڈگری کمی جبکہ سورج کی روشنی میں 20 سے 35 فیصد کمی آئے گی اورزمین پر پیداواری صلاحیت 15 سے30 فیصد کم ہوجائے گی۔رپورٹ کے مطابق 2019ء میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں سلامتی کی صورتحال غیر مستحکم ہے جبکہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی بڑھی ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن