`ہائیکورٹ نے کیس ریمانڈ کرنے سے متعلق صدر کا حکم معطل کر دیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس کمشنر فیصل آباد کی صدر کے حکم کیخلاف درخواست پر صدر پاکستان کا کیس ریمانڈ کرنے کا حکم معطل کردیا۔ عدالت نے صدر پاکستان اور وفاقی محتسب سے 24 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے ٹیکس کمشنر فیصل آباد اعظم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی محتسب کے پاس ٹیکس اپیلیں زیر التوا ہونے بارے جھوٹی درخواست دی گئی۔ وفاقی محتسب نے اپیلیں زیر التوا ہونے بارے حقائق کے برعکس فیصلہ دیا، درخواست گزار نے محتسب کے فیصلے کیخلاف صدر پاکستان کے پاس اپیل دائر کی۔ صدر پاکستان نے اپیل پر فیصلہ کرنے کی بجائے اپیل ریمانڈ کردی قانون کے مطابق صدر پاکستان اپیل پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں ریمانڈ نہیں کر سکتے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ صدر پاکستان کے ریمانڈ کے حکم کو کالعدم قرار دے۔