• news

پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنیوالے ممالک میں چین پہلے، ناروے دوسرے نمبر پر: سٹیٹ بنک

اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کرنے والے ممالک میں چین سہر فہرست جبکہ ناروے دوسرے اور مالٹا تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ سٹیٹ بنک کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 2019-20ء کے دوران چین کی جانب سے 532.8 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران چین نے پاکستان میں 282.6 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی چینی ایف ڈی آئی میں 250.2 ملین ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کے دوران ناروے نے پاکستان میں 288.5 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ناروے کی جانب سے پاکستان مین صرف 3.9 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی تھی اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ناروے کی سرمایہ کاری میں 284.6 ملین ڈالرز کا نمایاں اضافہ ہواہے اور اس طرح مالٹا کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 81.6 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 129.6 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن