عوا م کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ حافظ آباد میں یونیورسٹی کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظرانداز کیا۔ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ شوبازی کا دور گزر چکا ، اب صرف کام ہوتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔ ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے برڈ ووڈ روڈ پر محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹرول روم میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سینٹر میں ہسپتالوں کی آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ سماجی انصاف کے عالمی دن پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دین اسلام سماجی انصاف، مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافا نی پیغام دیا ہے۔ ہر شہری کو سماجی انصاف فراہم کرنا دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کا حصہ ہے اور دین اسلام میں سماجی انصاف کی قدرواہمیت کو اہم حیثیت حاصل ہے۔