• news

حکومت ناکام، پیاروں کو نوازا جا رہا، مہنگائی کیخلاف ملک گیر مہم آج سے شروع: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جو لوگ موجودہ حکمرانوں کو ووٹ دینا ثو اب سمجھتے تھے ، اب وہ انہیں اللہ کا عذاب سمجھ رہے ہیں۔ عوام کا حکومت سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ حکومت پر سرمایہ کاری کرنے والے پیاروں کو نوازا جا رہا ہے۔ حکومت کمزور تر اور پیارے مضبوط ترین ہو رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے بھی پیاروں کو کلین چٹ دے دی ہے ۔ حکومت کہتی ہے ہم مافیا کا پیچھا کر رہے ہیں جبکہ قوم دیکھ رہی ہے کہ مافیاز نے حکومت کو آگے لگارکھا ہے۔ آئی ایم ایف کے بعد اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنر ل بھی ہمیں نصاب تعلیم بدلنے کا حکم دے رہے ہیں۔ حکومت معاشی اور سماجی طور پر مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ مصنوعی آکسیجن پر اسے زیادہ دیر زندہ نہیں رکھا جا سکتا۔ قوم نے باری باری سب پارٹیوں کو آمازلیا، اب ایک ہی آپشن ہے اور وہ جماعت اسلامی ہے۔ اللہ کا عطا کردہ نظام ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک دنیا میں واحد ملک ہے جہاں ان پڑھ کو وزیر تعلیم اور گندم کے پودے کی شناخت نہ کر سکنے والے کو وزیر زراعت لگادیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں آٹے چینی کا بحران پیداہوا ، حالانکہ پاکستان گندم اور گنا پیدا کرنے والے ملکوں میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہے۔ ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ، نام نہاد اپوزیشن ہر اہم موقع پر سرکار کی ہمنوا بن جاتی ہے۔ اپوزیشن اپنے لیڈروں کی رہائی اور مقدمات کے خاتمہ کا ایجنڈا لیے پھرتی ہے، اصل اپوزیشن جماعت اسلامی ہے ہم آج 20 فروری سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کراچی تا چترال تحریک شروع کر رہے ہیں۔ اس تحریک میں پوری قوم یک زبان ہوگی ۔ انہوںنے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم کے کپتان عرفان عرف مانا جٹ اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کبڈی روایتی کھیل ہے اس کی سرپرستی ہونی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن