• news

مفاد عامہ کا معاملہ ہے، ہائیکورٹ میں موبائل سروس بہتر بنائی جائے: چیف جسٹس

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ میں موبائل سگنلز کی بہتری کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں فاضل عدالت نے ہائیکورٹ میں پانی کی ٹینکی پر موبائل ٹاورز لگانے کے لئے اقدامات کر کے 26فروری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کی عدالت میں چار موبائل کمپنیوں کی جانب سے ہائیکورٹ میں موبائل ٹاور لگانے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ درخواست گذار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ موبائل کمپنیاں جتنی رقم لے رہی ہیں اس جیسی سروس فراہم نہیں کر رہیں موبائل کمپنیاں سروس چارجز وصول کر کے سروس فراہم نہیں کر رہیں۔ موبائل کمپنیاں ایک مافیا کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے علاقے میں موبائل سروس بہتر بنائی جائے۔ درخواست گذار نے کہا کہ کسی بھی موبائل کمپنی کے سگنلز درست طریقے سے کام نہیں کر رہے۔ موبائل سگنلز نہ ہونے سے وکلاء اور سائلین کو مشکلات کاسامنا ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ پی ٹی اے کو ہائیکورٹ میں سگنل بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دے۔

ای پیپر-دی نیشن