• news

24فروری کو نواز شریف کا آپریشن‘ شہباز مارچ میں واپس آئینگے‘ ثناء اللہ

لاہور(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف مارچ میں وطن واپسی کا پروگرام ہے جس کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گلے شکوے دور کریں گے۔ بدھ کوسابق وزیرِقانون پنجاب رانا ثنا اللہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور میں پیش ہوئے اور2 گھنٹے تک وہاں رہے۔ پیشی کے بعد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ منشیات سمگلنگ کیس سراسرجھوٹ ہے، کوئی ویڈیو موجود نہیں، میرے تمام اثاثے اینٹی نارکوٹکس فورس نے منجمد کررکھے ہیں، نیب کو بتا دیا کہ جو جو چیزیں ملیں گی، پیش کردیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 24فروری کو نوازشریف کا آپریشن ہے اور اس وقت تک مریم نواز کا لندن جانا ممکن نظر نہیں آتا، اگر یہ سیاسی انتقام جاری رہا تو ملک کو نقصان ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات کے حوالے سے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار کی ملاقات کی کوئی کوشش نہیں ہوئی، اگر ہوئی ہے تو اس کا علم نہیں، سیاستدانوں کے رابطوں کو سازش کہنا غلط ہے۔

ای پیپر-دی نیشن