ایک سے 700 کنال کے ایک لاکھ37 ہزار مالکان ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لاہور ڈویژن میں ایک کنال سے 700کنال رقبہ کے مالک ایک لاکھ سینتیس ہزار افراد کا سراغ لگایا ہے جو کروڑوں روپے مالیت کے رقبے کے مالک ہونے کے باوجود ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ایک کنال سے زائد رقبہ کے مالک ایک لاکھ 37ہزار لاہوریوں کا ریکارڈ مرتب کرکے مزید کارروائی کیلئے انکے نام اور ایڈریس ایف بی آر ہیڈکوارٹر بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ایک کنال سے زائد رقبہ کے مالکان کی نشاندہی کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کے ڈیٹا بیس سے معاونت حاصل کی گئی ہے۔ ایف بی آر کی ڈی جی سپیشل انیشئیٹیو لینڈ آمنہ حسن نے لاہور ڈویژن میں ایک کنال تا 700 کنال رقبہ کے ایسے مالکان کا ریکارڈ مرتب کیا ہے جو سرے سے ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں موجود ہی نہیں۔ ادارہ مالکان سے گوشوارے، اثاثہ جات اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کرکے انہیں ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کرے گا۔ ایف بی آر کے حکام کے مطابق ایک لاکھ سینتیس ہزار لاہوریوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔