• news

انڈونیشیا اور کرغزستان کا پاکستان میں براہ راست پروازیں شروع کرنے پر غور

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ انڈونیشیااور پاکستان کے درمیان ایوی ایشن سیکٹر کو مزید مضبوط بنانے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز انڈونیشیا کے سفیر اوان سیودھی سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ مہمان سفیر نے کہا کہ لائن ائیر روزانہ کی بنیاد پر کراچی،لاہور یا اسلام آباد سے جکارتہ پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ سفیر کے مطابق تقریبًا 2 ہزار پاکستانی انڈونیشیا میں مقیم ہیں۔ وفاقی وزیر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ دریں اثناء کرغزستان اور پاکستان کے درمیان ڈائریکٹ فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا ، یہ بات غلام سرور خان وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے بروز بدھ کرغزستان کے سفیر اریک بیشمھیو سے ملاقات کے دوران کہی ۔ غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات ایک دوسرے پر بھروسے اور احترام کی وجہ سے قائم ہیں۔ اسی طرح اریک بیشمھیو نے یہ واضح کیا کہ کرغزستان بھی پاکستان سے اپنے روابط بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔ سفیر نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کو ہفتہ وار ایک فلائٹ شروع کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر نے بھی موقف دیا کہ ففتھ رائٹ آف فریڈم کے تحت ایوی ایشن ڈویژن دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن شروع کرنے پر غور کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن