• news

چینی صدر کو فون: کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ساتھ ہیں: عمران

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو جمعرات کو ٹیلیفون کیا اور کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں چین کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کرونا وائرس سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر چین کے صدر کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کرونا وائرس کی روک تھام اور قابو پانے کے لئے چین کی طرف سے کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کے عوام اور حکومت چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس بیماری کی روک تھام کے لئے چین کے بروقت مؤثر اور دور رس اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کرونا وائرس سے بچائو کے لئے چین کے عوام کی مدد کرنے کے لئے فیلڈ ہسپتال اور ڈاکٹروں کی ٹیم چین بھجوانے کی پاکستان کی پیش کش کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا کہ چینی قوم صدر شی جن پنگ کی بے مثال قیادت میں موجودہ صورتحال میں مضبوط اور فتح مند ہوکر ابھر کر سامنے آئے گی۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال کے لئے چین کے پختہ عزم اور خصوصی انتظامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چین وہاں پاکستانی شہریوں اور طلباء کی دیکھ بھال کے لئے بہترین ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ چین کے صدر نے اس نازک وقت میں پاکستان کی طرف سے چین کی حمایت پراظہار تشکر کیا اور کہا کہ چین کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مؤثر، بروقت اور بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ اور اس جنگ میں سرخرو ہو کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستانی طلباء کے ساتھ اپنوں جیسا سلوک کر رہا ہے اور ان کی حفاظت، صحت اور بھلائی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کونئی بلندیوںتک لے جانے کے چین کے عزم کا اظہار کیا اور کہاکہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سی پیک اہم ثابت ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر نے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لئے چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان قریبی رابطے کو فروغ دینے کے لئے رابطے اور اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن