مودی سرکاری اخلاقیات سے نابلد: ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگانے والی لڑکی پر بغاوت کا مقدمہ، جیل منتقل
نئی دہلی(اے این این‘انٹرنیشنل ڈیسک ) شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آرسی کے خلاف منعقد جلسے میں ایک لڑکی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر سب کو حیران کردیا۔ بنگلورو میں منعقد اس جلسے میں ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی خطاب کر رہے تھے، اس دوران اچانک ایک لڑکی جس کا نام امولیہ لیونا بتایا گیا ہے، اس نے مائیک چھین کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جس کے بعد پولیس اسے وہاں سے پکڑ کر لے گئی۔سائوتھ ایشین وائر کے مطابق اس دوران جلسے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا، تاہم اسدالدین اویسی نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جس کسی نے یہاں آکر ہمارے دشمن ملک کے حق میں نعرہ لگایا، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ہمیشہ بھارت زندہ باد ہے اور رہے گا۔ دریں اثناء گرفتار ہونے والی لڑکی کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ جس کے بعد امولیا نے ضمانت کے لیے درخواست دی۔ بنگلور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے امولیا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی، اور اسے تین دن عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔ بعض ذرائع کے مطابق جیل بھیج دیا گیا۔