نوازشریف کی حالت بہتر نہیں ہوئی، مسلم لیگ ن کی حکومتی کمیٹی کو بریفنگ
لاہور،اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے حکومتی کمیٹی کو بریفنگ میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری مسلم لیگ (ن) عطاء اللہ تارڑ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور نواز شریف کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا۔ جب کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سابق وزیراعظم کی صحت کے بارے میں تازہ ترین صورتحال بتائی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نوازشریف کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ ضروری ہے کہ سابق وزیراعظم کا پہلے دل کا علاج کرایا جائے جب کہ دل کے علاج کے بعد باقی بیماریوں کا علاج شروع ہوگا۔ دل کے ساتھ گردوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے جب کہ سابق وزیراعظم کے 7 میں سے 2سٹنٹ کام کرنا چھوڑ گئے ہیں۔وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت نواز شریف کی رپورٹس کے سرکاری بورڈ کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی کمیٹی 72گھنٹوں میں اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔ راجہ بشارت نے بتایا کہ کمیٹی کو ڈاکٹر عدنان اور عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی صحت کے متعلق بریف کیا۔