عمر اکمل نے بکی سے رابطے کا اعتراف کرلیاآئی سی سی کا پی سی بی سے رابطہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) شواہد سامنے آنے کے بعد کرکٹر عمر اکمل نے بکی سے رابطے کا اعتراف کرلیا۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل کے فون کا ڈیٹا پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس ہے۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے بکی نے عمر اکمل سے ملاقات کی جس کی ویڈیو اور تصاویر بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے۔ ان ٹھوس شواہد کے ہاتھ لگنے کے بعد پی سی بی نے کارروائی کی اور پھر عمر اکمل نے بھی بکی سے رابطہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔ تاہم پی سی بی یا ٹیم مینجمنٹ کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر انہیں معطل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے عمر اکمل کو ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ پہلے انکار اور پھر اقرار کرنے سے بہتر ہے کہ وہ اعتراف کرلے تاکہ کم سے کم سزا ہو۔ عمر اکمل نے قانونی مشاورت بھی شروع کردی ہے۔ عمر اکمل کو الزامات پر 14 دن کے اندر جواب دینا ہوگا۔ بکیز سے رابطوں پر معطل کرکٹر عمر اکمل کے معاملے پر آئی سی سی نے پی سی بی سے رابطہ کر لیا۔ پی سی بی نے کرکٹر کو شوکاز جاری کر دیا۔ الزامات ثابت ہونے پر عمر اکمل پر دو سے پانچ سال تک کی پابندی لگ سکتی ہے۔ پی سی بی نے عمر اکمل سے سات روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام کے رابطہ کرنے پر ان کے ساتھ تمام تفصیلات شیئرکردیں۔ عمر اکمل سے رابطے میں رہنے والے شخص کی معلومات بھی مانگ لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کے موبائل فون کا ڈیٹا، ان کی ہوٹل میں آمد و رفت کی سی سی سی ٹی وی فوٹیج، ہوٹل سے باہر جانے اور واپس آنے کی تمام تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔