صدر جلد پاکستان آئینگے، چینی سفیر: سی پیک پر عملدرآمد کی رفتار بڑھائینگے، وزیر منصوبہ بندی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جنگ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات میںوفاقی وزیر نے سی پیک منصوبوں کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ، اسد عمر نے کہا کہ منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو مزید تیز تر کیا جائے گا، تمام صوبوں میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور عمل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر کڑی نگرانی بھی کی جارہی ہے ، صوبائی اور وفاقی حکومت کے سی آر (کراچی سرکلر ریلوے) منصوبے میں انتہائی دلچسپی رکھتی ہیں، ملاقات میں کے سی آر منصوبے سے متعلق تازہ ترین پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بینکنگ ، ٹیلی کام اور ڈیجیٹل فنانس ، مینوفیکچرنگ اور زراعت کے شعبوں میں بی ٹو بی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی سفیر نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ چینی فریق کاروبار اور مینوفیکچرنگ، صنعتوں کے مابین ہر طرح کے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہے۔ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کا عزت واحترام کے ساتھ استقبال کریں گے۔ ملاقات کا مقصد چین کے صدر شی جن پنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ یہ ملاقات وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان چین کے صدر کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے معاملہ پر چین کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا، کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں پر تعزیت بھی کی۔