• news

معاشی حالت، حکمرانوں کی نااہلی‘ نالائقوں کا نیا پاکستان یہی ہے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ معاشی حالات حکمرانوں کی نا اہلی بھی ہے، مہنگائی بھی ہے چوری بھی ہے اور اوپر سے سینہ زوری بھی ہے۔ نالائقوں کا یہی نیا پاکستان ہے۔ پرانے پاکستان کو انہوں نے کفن پہنا دیا ہے۔ اور جس میڈیا کی وجہ سے یہ اقتدار میں آئے ہیں اسے اب انہوں نے مافیا بنا دیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گے اجلاس میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ آج سے پندرہ مہینے پہلے میثاق معیشت کی بات کی تھی۔ آج ہر طبقہ مہنگائی کی دہائی دے رہا ہے۔ پی ٹی آئی وزرا بھی مہنگائی کے خلاف بات کر رہے ہیں۔ نیازی صاحب کہتے ہیں چینی اور آٹے بحران کے مافیا کا معلوم ہے۔ وزرا کہتے ہیں مافیا کے خلاف ایکشن لیں گے۔ وہ ایکشن کبھی نہیں لیں گے۔ ایکشن صرف ن لیگ کے خلاف ہوتا ہے۔ جنہوں نے قوم کے خزانے پر ہاتھ پھیرا وہ نیازی کے ارد گرد ہیں انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی نہ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر پر جو وعدے کیے سب جھوٹے ثابت ہوئے۔ یہ نالائقوں کی ابھی شروعات ہوئی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میںسب سے زیادہ گیارہ ہزار ارب قرضہ لیا گیا۔ ستر سال میں اتنا قرضہ نہیں لیا گیا۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ساؤتھ پنجاب صوبے کا وعدہ کیا گیا تھا کہاں ہے جنوبی پنجاب صوبہ؟ دال چینی آٹے کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت میں آنے سے پہلے جیسے جلسے کرتے تھے اب کر کے دکھاؤ لوگوں کو پی ٹی آئی کا چہرہ نظر آنا شروع ہوگیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے بلکتے اور سسکتے بچوں کے والدین دیکھے نہیں جاتے،67فیصد فیکٹریاں بند ہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھ گئی ہے، گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے لاہور منی کراچی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ملک ہے تو ہم ہیں۔ ملک کی سالمیت خطرے میں ہے۔ خاموش تماشائی بنے رہے تو قوم کسی کو معاف نہیں کرے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت ہے اس لیے ڈپٹی سپیکر کو انصاف نہیں مل رہا۔ یہ حالات خطرناک ہیں۔ مستقبل میں بھی مزید خطرناک حالات کا خدشہ ہے، بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ جیسے ہی میاں نواز شریف ٹھیک ہونگے شہباز شریف واپس آئیں گے۔ میاں نواز شریف عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڈیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن