احساس پروگرام فلاحی ریاست کی جانب بڑا قدم ہے: عثمان بزدار
لاہور‘ اسلام آباد ‘ ڈی جی خان‘ لیہ‘ کوٹ سلطان‘ مظفر گڑھ (نیوز رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی‘ بیورو رپورٹ‘ نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احساس پروگرام وزیراعظم عمران خان کے قابل قدر ویژن کا عکاس ہے۔ احساس آمدن پروگرام غربت کے خاتمے اورفلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے اور اس پروگرام کی تکمیل سے حقیقی فلاحی ریاست کاخواب ضرور شرمند ہ تعبیر ہوگا۔ وہ لیہ میں احساس پروگرام کے’’ میرا کاروبار میری آمدنی‘‘ کے تحت مستحق افراد میں اثاثہ جات کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے سرائیکی زبان میں خطاب کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دینے اور پنجاب میں بھی احساس پروگرام کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 12ارب روپے کی لاگت سے احساس پروگرام شروع کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام سے 18لاکھ افراد براہ راست مستفید ہوںگے جبکہ64لاکھ افرادکو بالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔ قومی سطح پر غربت کے خاتمے کی مہم کے تحت پاکستان کے 23اضلاع کی 375یونین کونسل منتخب کی گئی ہیں۔ پنجاب کے 3پسماندہ اور محروم اضلاع لیہ، ڈیرہ غازی خان اور جھنگ بھی اس پروگرام میں شامل ہیں۔ لیہ کی 22دیہی یونین کونسلوں میں 260 غریب اور مستحق بہن بھائیوں کواثاثے دینے کا آغاز کیا گیا ہے ۔ مستحق افراد کو روز گار کمانے کیلئے ٹھیلے، رکشے اورپرچون دکانوںکا سامان بھی فراہم کیاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ مستحق دیہی بھائیوں کو گائے اوربکریاں بھی دی جائیںگی۔اس پروگرام میں پہلی مرتبہ دیہات میں بسنے والی مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کو بھی شریک کیا گیا ہے۔ اس پروگرا م میں 60فیصدخواتین اور 40فیصد مرد شامل ہیں۔ روز گار کمانے کیلئے وسائل کی فراہمی یقینا دیہات میں بسنے والوں کی زندگی میں خوشحالی لائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہائوس لیہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ میں مفاد عامہ کی 2284 سکیموں پر کام جاری ہے اوران ترقیاتی منصوبوں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایااور سابق حکمرانوںنے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرکے لیہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کے علاقے چوبارہ میں انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تیزی سے اقدامات کیے جائیںگے۔ لیہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہوںگے۔ لیہ اورتونسہ کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کریںگے۔ ڈیرہ غازی خان میں فرانزک لیب کی تعمیر کا کام جلد مکمل ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ لیہ میں ڈی پی ایس سکول کے قیام کیلئے اقدامات کریںگے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔ لیہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سب کیمپس کو اپ گریڈ کریںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے اورافسران عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار بغیر اطلاع مبارکی اورمٹ چانڈیہ پہنچے توانہیں دیکھ کر قبائلی علاقے کے لوگوں کو خوشگوار حیرت ہوئی-قبائلی لوگوں نے عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارقبائلی لوگوں کے ساتھ پتھریلی زمین پر بیٹھ گئے اور ان میں گھل مل گئے اور مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قبائلی علاقے کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قبائلی لوگوں کے ساتھ بلوچی زبان میں گفتگو کی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چوک ناخدا میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور غفلت کے ذمے داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سخت ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات کو نہ روکنا متعلقہ پولیس کی غفلت ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔