کرونا سے مزید 109 ہلاک، ایران میں وائرس کی اطلاع پر عمران کا وزیراعلیٰ بلوچستان کو فون
بیجنگ/ووہان‘ اسلام آباد‘کوئٹہ (شِنہوا‘نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید109افراد ہلاک اور397نئے مریضو ں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2345جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد76 ہزار 288 ہوگئی جن میں سے 11 ہزار 477 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔چینی محکمہ صحت نے کہا ہے کہ صوبائی سطح کے 31 علاقوں اورسنکیانگ کے پیداواری اور تعمیراتی کورپس سے جمعہ کے روز نوول کرونا وائرس کے397 مصدقہ کیسز اور 109 نئی اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ قریبی رابطے کے 6 لاکھ 18 ہزار 915 کیسز کا پتہ چلا ہے جن میں سے 26ہزار 441 افراد کو جمعہ کے روز طبی معائنے کے بعد فارغ کیا گیا جبکہ ایئر لائن نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد کیلئے وبا کے دوران 450 پروازیں ہفتہ سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین سے باہر کورونا وائرس سے اب تک 11ہلاکتیں اور ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کرونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، تاہم ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔جنوبی کوریا میں بھی 156افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔جاپان سے آسٹریلیا پہنچنے والے 2افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، یہ دونوں افراد جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں سوار تھے۔ اٹلی میں بھی 2افراد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب وزارتِ صحت امارات نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد متاثر ہو گئے ہیں۔امارات میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہو گئی، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق چین سے ہے۔کورونا وائرس سے متاثرہ 3 افراد متحدہ عرب امارات میں صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا وائرس سے مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متاثرین کی تعداد 18 ہو گئی۔ وائرس سے متاثرہ مریضوں کو قم کے ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔ کرونا وائرس کے سبب کویت نے ایران کیلئے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔ ادھر سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل آف جوازات (امیگریشن اینڈ پاسپورٹ) کے ترجمان نے سعودی شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکیوں کے ایران سفر پر پابندی عائد کر دی۔سرکاری ایرانی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ دارالحکومت تہران کے ضلع 13 کے ایک میئر میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ ضلعی میئر مرتضی رحمان زادہ کو جمعے کے روز علالت کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تو اْن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کو جوابی خط لکھا ہے ، اس سے قبل امریکی کاروباری شخصیت نے نوول کرونا وبائی مرض کے بارے میں چینی صدر کو خط لکھاتھا۔20 فروری کو لکھے گئے خط میں چینی صدر نے کہا ہے کہ میں بل اینڈ میلنڈ ا گیٹس فائونڈیشن کی سخاوت کے اقدام اور چینی عوام کے ساتھ اس خصوصی موقع پر یکجہتی کے اظہار کے لئے آپ کے خط کا بیحد مشکور ہوں۔گیٹس نے 6 فروری کو اپنے خط میں کہاتھا کہ وہ ہنگامی امداد میں 10کروڑ امریکی ڈالر دینے کو تیار ہیں شی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ جب سے وبائی مرض کا آغاز ہوا ہے میں نے چین کے وبائی مرض پر قابو پانے کے اقدامات کے لئے اعتماد ،اتحاد ، سائنس پر مبنی نقطہ نظر اور مخصوص ردعمل کی گائیڈ لائن پر زور دیا ہے۔ شی نے کہاکہ ہم چین اور دنیا بھر کے تمام ملکوں کے لوگوں کی زندگیوں اورصحت کو تحفظ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ ٹوکیو اولپمکس گیمز 2020کے منتظمین نے نوول کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کیلئے احتیاطا رضاکاروں کے تربیتی عمل کو موخر کر دیا۔جاری بیان میں منتظمین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گیمز کا انعقاد شیڈول کے مطابق ہو گا۔ٹوکیو گیمز 2020 کے محفوظ انعقاد کیلئے منتظمین کی کمیٹی تمام متعلقہ تنظیموں کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔ کھیلوں کو منسوخ کرنے پر کوئی غور نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی ان سرگرمیوں کے التوا کا کھیلوں کی تیاریوں پر کوئی اثر پڑے گا۔دریں اثناء ایران میں کورونا وائرس سے اموات کے بعد بلوچستان میں ہنگامی اقدامات کئے گئے ہیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا ٹیلی فونک رابطہ کر لیا‘ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ جام کمال نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات کی خودنگرانی کر رہا ہوں۔ احتیاطی تدابیر کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ ضلعی صحت ڈی جی صحت بلوچستان افسروں کو تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے ڈاکٹرشاکر بلوچ کے مطابق تفتان میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیئے گئے۔ دس ماہر ڈاکٹروں کی ٹٰم جدید آلات کے ساتھ تفتان روانہ ہو گئی ہے۔