ایف اے ٹی ایف، بھارت ناکام، چین کا شکریہ: فردوس عاشق
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+آئی این پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے عظیم قربانیاں دی، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستانی اقدامات کو سراہا اور آئرن برادر چین کا بھر پور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہفتے کے روز معاون خصوصی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے اقدامات کو پذیرائی ملک کیلئے اچھی خبر اور دشمنوں کیلئے بری خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئرن برادر چین کاشکریہ ادا کرتے ہیں جس نے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا۔ بلیک لسٹ کے خواب دیکھنے والے بھارت کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں ، معاون خصوصی نے کہا کہ قربانیاں دیں۔ ایف اے ٹی ایف ارکان نے باقی ماندہ اہداف کی تکمیل کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہا ہے جو پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر ایک اور پیغام میں کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا مثبت اور مخلصانہ کردار سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ انہوں نے فریقوں پر زور دیا کہ وہ تشدد کم کرنے کیلئے آگے آئیں اور امن معاہدے پر دستخط کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افغانستان میں امن کا، ترقی اور خوشحالی افغان شہریوں کا حق ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ افغان امن عمل میں پیشرفت سے وزیراعظم کے سیاسی ویژن کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ کی 29تاریخ کو طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدے پر دستخط خطے میں امن واستحکام کیلئے ایک خوشخبری ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال میں ایف اے ٹی ایف میں نمایاں پیش رفت کی ہے، ایکشن پلان کے 27 میں سے 14 نکات پر عمل کیا، ارکان کی اکثریت نے پاکستان کی کائوشوں کو تسلیم کیا، پاکستان 2020 میں ایکشن پلان مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال میں ایف اے ٹی ایف میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ایکشن پلان کے 27 میں سے 14 نکات پر عمل کیا گیا ہے۔ اکثریت ارکان نے پاکستان کی پیشکش کو مثبت قرار دیا ہے۔