امریکہ‘ طالبان مذاکرات ’’باجوہ ڈاکٹرائن‘‘ کے مرہون منت ہیں‘ رحمان ملک
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے افغان امن عمل میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اہم کردار کی تعریف کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ا مریکہ طالبان مذاکرات جنرل قمر باجوہ کے "باجوہ ڈاکٹرائین" کے مرہون منت ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے قربانیاں دی ہیں اور بھرپور کردار ادا کیا ہے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا حواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا پرامن افغانستان نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن ا ور ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا پرامن مذاکرات کے لئے زلمے خلیل زاد کی تگ و دو اور صبر آزما کوششیں قابل ذکر ہیں۔میں نے پہلے کہا تھا کہ پاکستان امریکہ و طالبان مذاکرات کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ نکالنے سے مشروط کرے اور امریکہ پاکستان کی کوششوں کو مدنظر رکھ کر پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا جب تک امریکہ نہ چاہے پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں رہیگا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ امریکہ پاکستان کے امن کے لئے کردار و دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کو مدنظر رکھ کر پاکستان کیخلاف شکایت واپس لے۔ انہوں نے کہا مجھے تشویش ہے کہ امن معاہدے میں جنگ بندی کا ضامن کون ہوگا، کیا امن معاہدے کے تحت قومی حکومت بنانے کیلئے افغان صدر اشرف غنی مستعفی ہو جائینگے؟ سینیٹر رحمان ملک نیشنل گورنمنٹ میں طالبان کی شمولیت سے شیعہ، ازبک و دوسرے گروہوں کے تحفظات کیسے دور کئے جائیگے۔ انہوں نے کہا امریکہ طالبان مزاکرات کی کامیابی و اتحادی افواج کے انخلا سے ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں فائدہ پہنچے گا۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ میں پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے حوالے سے منیر اکرم کے کردار کو سراہا، انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے بھی منیر اکرم کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سینیٹر رحمان ملک نے منیر اکرم کو اپنی کتاب "کشمیر بلیڈینگ" اور مودی کے کشمیریوں اور اقلیتوں پر مظالم بارے اہم دستاویزات پیش کیں۔ سینٹر رحمان ملک نے امید ظاہر کی کہ منیر اکرم مودی مظالم کو نہایت بہترین انداز سے اقوام متحدہ میں دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔