بجٹ سے ناخوش بھارتی کسانوں کا دو اپریل کو مودی سرکار کیخلاف احتجاج کا اعلان
دہلی(کے پی آئی) بھارت میں کسانوں نے مودی حکومت کی جانب سے مالی بجٹ 2020-21 سے ناخوش ہو کر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کسانوں کی تنظیم آل انڈیا ایگریکلچرل ورکرز یونین نے دو اپریل سے قومی سطح پر احتجاج شروع کا اعلان کیا ہے کے پی آئی کے مطابق تنظیم نے ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کو درپیش مسائل پر توجہ نہیں دی ہے۔ اور مرکزی بجٹ بھی کسانوں کے خلاف ہے۔ اے آئی اے ڈبلیو یو کا دعوی ہے کہ ان کے ساتھ ملک بھر سے 71 لاکھ لوگ جڑے ہوئے ہیں۔ یونین نے اپنی اس میٹنگ میں بجٹ کو اہم ایشو بنایا ہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے صدر اے وجئے راگھون نے کہا 'مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کیا گیا رواں سال کا مالی بجٹ کاروباری طبقے کی حمایت میں ہے اور عام لوگوں کے خلاف ہے'۔ اے وجئے راگھون نے کہا 'اس بجٹ میں گاوں کے لوگوں کا اور معاشی طور پر کمزور طبقات کا خیال نہیں رکھا گیا ہے، بجٹ سے موجودہ معاشی بحران اور زرعی پریشانی کو دور نہیں کیا جاسکتا ہے۔