مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا بڑا آپریشن، 2 نوجوان شہید، سوشل میڈیا استعمال کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے وسیع علاقوں کا محاصرہ کرکے بڑا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے اس دوران جنوبی کشمیر میں قابض فوج نے اپنی جاری ریاستی دہشت گردی میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، جبکہ فوجی آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر نوجوانوںکی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ۔ہفتہ کووادی کا فوجی محاصرہ مسلسل202 ویں روز بھی جاری رہا۔ بھارتی پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔ بھارتی فوجیوں نے اپنے جبری قبضے کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے پر کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کے لیے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں اسلام آباد(اننت ناگ) کے علاقے بجبہاڑہ میں سنگم کے مقام پر سکیورٹی فورسز نے دومقامی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ قابض فوج نے دعوی کیاہے کہ شہید ہونے والے نوجوان کیمو، کولگام کے نوید احمد بٹ عرف فرقان اور ریڈوانی کولگام کے عاقب یاسین بٹ لشکرطیبہ کے رکن تھے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے متعدد اضلاع سے کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست ، 2019 سے آج تک کم از کم 89 کشمیریوں کو بھارتی افواج اور سیکورٹی فورسز نے شہید کر دیا جن میں دوخواتین اورچار کمسن لڑکے بھی شامل ہیں۔ ان میں سے گیارہ جعلی مقابلوں یا دوران حراست تحویل میں شہید ہوئے۔ قابض سیکورٹی فورسز نے نوجوانوں کے خلاف سوشل میڈیا استعمال کرنے کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے ،ایک ہزار سے زائد کاونٹز کی جانچ پڑتال کی گئی اور 10 مشتبہ افراد سے مبینہ طور پر اس کے غلط استعمال کے الزام میں تفتیش کی گئی۔