شتروگھن سہنا کی صدر علوی سے ملاقات: کشمیر پر پاکستان کے تحفظات، موقف کی تائید کر دی
اسلام آباد ‘ لاہور(سپیشل رپورٹ‘ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی سے بھارتی سیاستدان شترو گھن سنہا نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر ظلم و ستم کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر مکمل طور پر ایک پر امن علاقہ ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ امن کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔شترو گھن سنہا نے کشمیر میں 200روز سے جاری لاک ڈائون پر پاکستان کے تحفظات اور موقف کی تائید کر دی۔صدر نے بھارتی سیاست دان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد بھارت سے بہتر تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن بدقسمتی سے بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔ شتروگھن سنہا نے تجویز دی کہ دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کو آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ وہ صورت حال کا خود جائزہ لے سکیں۔ شتروگھن سنہا ان دنوں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے کی ضرورت ہے اور آئٹزم کا شکار بچوں سے امتیازی سلوک نہ کیا جائے، حقیقی خوشی فلاح کام کرنے میں ہے۔ ہفتہ کو صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور فائونٹین ہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں سماج طبقات میں تقسیم ہے، امیر طبقہ غریبوں کے مسائل سے آگاہ ہی نہیں پاتا ہے، ہمیں طبقاتی فاصلوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارا مذہب اور اخلاقیات قناعت کا درس دیتا ہے جبکہ حقیقی خوشی فلاح کام کرنے میں ہے۔