پی ایس ایل 2020ئ: زلمی نے گلیڈی ایٹرز، یونائیٹڈ نے سلطانز کو شکست دیدی
لاہور+کراچی(چودھری اشرف+منیراحمد بھٹی ) پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈنے ملتان سلطانز کو شکست دیدی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 149 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کامران اکمل نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ بعد ازاں کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور وہ 55 گیندوں پر 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جبکہ حیدر علی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔ کوئٹہ کی جانب سے فواد احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل میچ کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، واٹسن صرف 8 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے تاہم اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے ذمہ دارنہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں نصف سنچری سکور کی تاہم وہ بڑی شارٹس مارنے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروانے والے اعظم خان 9 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ جیسن روئے 73 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہاب ریاض نے 2 جبکہ عامر خان اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں پر 164رنز بنائے۔ذیشان اشرف نے 50رنز بنائے۔عماد بٹ نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ہدف 2وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ لیوک رونکی نے 74‘کولن منرو نے 50رنز بنائے ۔ لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑٖی قرار دیا گیا ۔