• news

بلااشتعال فائرنگ بھارتی دہشت گردی، مودی انڈیا کیلئے بھی خطرہ: گورنر

لاہور(نیوز رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائر نگ کو بھارتی دہشت گردی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نر یندر مودی صرف اَمن ہی نہیں بھارت کے لیے بھی خطر ہ بن چکا ہے۔ بھارت میں آرایس ایس کے غنڈے اقلیتوں کے قاتل ہیں۔ ایف اے ٹی ایف میں بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوئی ہیں۔ پاکستانی پالیسیوں کی ایف اے ٹی ایف میں تعریف بھارت کو ہضم نہیں ہورہی۔ سفارتی سمیت ہر محاذپر پاکستان بھارت کو شکست دے رہا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں شفافیت اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور سکو ل آف اکنامکس کے17ویں کانووکیشن، پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے زیر اہتمام کانفر نس 2020سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج حقیقی معنوں میں پاکستان امن کا گہوارہ بن رہا ہے امر یکہ اور برطانیہ بھی پاکستان کو اپنے شہر یوں کیلئے پر امن ملک قرار دے رہا ہے اور سیاحت کیلئے پوری دنیا سے لوگ پاکستان آرہے ہیں۔ وزیراعظم عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ احساس پروگرام عمران خان کی غریب دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کے معاہدے ملکی معیشت کیلئے زہر قاتل ثابت ہوئے ہیں۔ قوم اور تاریخ ایسے عوام دشمن معاہدے کر نیوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کر ے گی بلکہ ان سے عوام دشمن مہنگے تر ین معاہدوں کا حساب لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ اقلیتیں پاکستان میں آزاد ہیں۔ پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے زیر اہتمام کانفر نس سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے۔ لاہور سکو ل آف اکنامکس کے17ویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پرائیوٹ یونیورسٹیز کے مسائل کے حل کیلئے ریفارمز کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی یونیورسٹیوں کا شمار دنیا کی500بہتر ین یونیورسٹیز میں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن