الیکشن میں مداخلت: ٹرمپ اور روس نے امریکی خفیہ ایجنسیوں کا الزام مسترد کر دیا
واشنگٹن(نیٹ نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ اور روس نے امریکی خفیہ اداروں کی جانب سے رواں سال امریکہ میں ہونے والے انتخاب میں مداخلت کے الزام کو غم و غصے کے ساتھ مسترد کر دیا جبکہ ڈیموکریٹس نے امریکی صدر پر جمہوریت کو دھوکا دینے کا الزام لگا دیا۔ امریکی خفیہ اداروں کے سربراہ جوزف ماگوئر نے قانون سازوں کو گزشتہ ہفتے بریفنگ میں امریکہ میں رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت سے متعلق خبر دار کیا تھا۔ بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں 19 فروری کو تبدیل بھی کر دیا تھا۔ ادھر امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی نے عوام کے سامنے بیان دیا تھا کہ 2016 کے انتخابات میں روس نے مداخلت کی تاہم جوزف ماگوئر کا کہنا تھا کہ ماسکو چاہتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ انتخابات جیتیں اور اس کے لیے وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمریز میں مداخلت کر رہا ہے۔