گوجرانوالہ سیشن کورٹس کے احاطہ میں فائرنگ، سزا یافتہ قیدی قتل
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) سزا یافتہ زیر حراست ملزم احاطہ سیشن کورٹس میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، بتایا گیا ہے کہ تھانہ لدھیوالا ورائچ کے مقدمہ قتل میں عمر قید کی سزاء پانیوالے مجرم نبیل یوسف کو سنٹرل جیل سے تاریخ پیشی کے سلسلہ میں سیشن کورٹس لایا گیا ،مجرم کو پیش کرنے کے بعد بخشی خانہ منتقل کیا جارہا تھا کہ احاطہ سیشن کورٹس میں پولیس کی زیر حراست ہتھکڑیوں میں جکڑے مجرم کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ، فائرنگ سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی ،وقوعہ کا علم ہونے پر پو لیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پو لیس نے سیشن کورٹس کے تمام گیٹ کو بند اور اردگرد ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ معلوم ہوا ہے کہ مجرم نے چار سال قبل فاروق اوٹھی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا دوسری جانب سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی سول لائن ڈویژن وسیم ڈار کی نگرانی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں پولیس کے مطابق دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا ہے۔