پی ایس ایل افتتاحی تقریب، 5 درجن سے زائد منتظمین کے بھارتی ہونے کا انکشاف
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ کے براڈ کاسٹنگ رائٹ غیر ملکی کمپنی کو دیئے گئے ہیں جس میں بڑی تعداد میں بھارتی ‘سری لنکن اور بنگلہ دیشی سٹاف موجود ہے ۔ اسی براڈ کاسٹنگ کمپنی نے پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کو براڈ کاسٹ کیا تھا جس میں پانچ درجن سے زائد بھارتی سٹاف مختلف عہدوں پر شامل تھا ۔ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی مایوس کن افتتاحی تقریب کی گونج ابھی تک سنائی دے رہی ہے اور اب ٹوئٹر پر ’پی سی بی جواب دو‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔20 فروری کو پاکستان سپر لیگ 5 کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم میں منعقد کی گئی تھی جس کے بعد مداح بے حد مایوس ہوئے تھے۔ تقریب کی بد انتظامی پر سوالات اٹھائے۔انکشاف کیا گیا کہ پی ایس ایل 5 کی اہم ترین افتتاحی تقریب کی ذمہ داری بھارتی ڈائریکٹر اور ایونٹ پلانر کو دی گئی تھی۔سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں افتتاحی تقریب کی انتظامیہ کیلئے5درجن سے زائد بھارتیوں کو رکھا گیا تھا۔وقار ذکا نے ویڈیو میں فہرست دکھائی جس میں پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب کی انتظامیہ میں پانچ درجن سے زائد بھارتیوں کے نام تھے، وقار نے حکومتِ پاکستان سے سوال کیا کہ اس فہرست کو دیکھیں اور بتائیں جہاں پاکستان میں نوکریاں نہیں ہیں، لوگوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے، ایسے میں یہ تمام لوگ پاکستان کیوں آئے؟وقار ذکا نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ کشمیر کا واقعہ کیا بھول گئے؟ کشمیر کے لیے آواز اٹھانا چھوڑ دی، اپنے ملک والوں کو کام دینا چھوڑ دیا۔سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی ہے کہ بھارت میں ہمارے فنکاروں کو دھکے مار کر نکالا گیا ان کیساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ آپ خود سوچیں کہ کیا کوئی بھارتی کبھی بھی یہ چاہے گا کہ پاکستان کا کوئی اتنا بڑا ایونٹ مقبول ہو۔ اگر یہ پاکستانی ایونٹ تھا تو اس میں 100 فیصد پاکستانیوں کو کام دینا چاہیے تھا۔تاہم اس معاملے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے کارروائی کرنے اور پی سی بی کے سربراہ احسان مانی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔