• news

جماعت اسلامی کی مہنگائی کیخلاف تحریک شروع، آئی ایم ایف سے معاہدے منسوخ کئے جائیں: سراج الحق

لاہور+ اسلام آباد+ملتان ( خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی+سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا جنازہ نکل چکا ہے۔ وزیراعظم کے دو افراد پر مشتمل گھرانے کا دو لاکھ میں گزارا نہیں ہو رہا اور خود وزیراعظم پریشان ہیں۔ تبدیلی کے نام پر مہنگائی اور نیا پاکستان قبول نہیں، ہمیں پرانا پاکستان واپس کیا جائے۔ وزیراعظم خود کہا کرتے تھے کہ اگر مہنگائی ہو تو سمجھو حکمران چور ہے اب عوام حکمرانوں کو چور سمجھنے میں حق بجانب ہیں۔ حکومت نے لوگوں سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلانے والوں نے ہماری آزادی اور خود مختاری کو گروی رکھ دیا ہے۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت ہے۔ گیس اور بجلی کی کمپنیاں کما رہی ہیںاور غریب عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں۔ وزیراعظم اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے اداروں کو بدنام کر رہے ہیں لیکن اب وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ عوام انکے ساتھ ہیں۔ قوم مطالبہ کرتی ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدوں کو منسوخ کیا جائے۔ ایسا احتساب جس میں تمہارا چور مردہ باد اور ہمارا چور زندہ باد، کوئی قبول نہیں کرے گا۔ چیئرمین نیب کہتے ہیں کہ اگر حکومت میں بیٹھے چوروں کو پکڑا تو حکومت پندرہ دن نہیں چلے گی۔ آٹے چینی کا بحران پیدا کرنے والے وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ ملک گیر سطح پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلسے ہوں گے۔26 فروری کو مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف تیمر گرہ میں عوامی مارچ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جماعت اسلامی کی طرف سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف شروع کی گئی تحریک کے سلسلہ میں مینگورہ میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران خود بھی مایوس ہیں اور عوام کو بھی ناامیدی کے اندھیروں میں دھکیل رہے ہیں۔ قومیں کارخانوں سے ترقی کرتی ہیں لنگر خانوں سے نہیں۔ زرعی ملک کا کسان اور کاشتکار بھوکا مر رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مشرف آمریت اور نام نہاد جمہوری حکومتوں میں رہنے والوں کا ملغوبہ بنا کر ملک پر مسلط کردیا گیا ہے جو لوگ پہلے ناکامیوں کی داستان لکھ چکے ہیں اب کونسا تیر چلائیں گے۔ وزراء کا بینہ اجلاسوں میں ایک دوسرے پر الزام لگاتے اور آپس میں لڑتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی ملک کو کرپشن فری بنا سکتی ہے۔ ہم عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور سستا انصاف دیں گے۔ ہمارے پاس حقیقی تبدیلی کا اصل ایجنڈا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ قرآن و سنت کا نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ دنیا مریخ اور چاند پر پہنچ گئی ہے لیکن ہمارے حکمران مرغی اور کٹے کی گردن پر سوار ہوکر ترقی کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کی بڑی نااہلی اور کیا ہوگی کہ گندم سستی بیچ کر کسانوں کو تباہ کیا اور دوبارہ مہنگی گندم خرید کر عوام کو تباہ کیا۔ جماعت اسلامی نے کراچی سے لے کر چترال تک مہنگائی کے خلاف تحریک کاآغاز کر دیا ہے اور اس کو منطقی انجام تک پہنچاکر دم لیں گے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن