• news

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پر امن دنیا اور خطے کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں: جنرل باجوہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی عالمی لعنت کے تدارک کی خاطر فرنٹ لائن ریاست کے طور پر پرامن دنیا اور پر امن خطہ کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چار روزہ دورہ مراکش کے موقع پر اعلیٰ فوجی تعلیم کے شاہی ادارے میں ’’سلامتی کا ابھرتا ہوا منظر نامہ اور اس کے چیلنج، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا حصہ‘‘ کے موضوع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے آرمی چیف نے وزیر دفاع عبد اللطیف لودائی، مسلح افواج کے انسپکٹر جنرل عبدالفتح لوراک سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسبی کے امور، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون، علاقائی امن و سلامتی سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع و سلامتی، فوجی تربیت، انسداد دہشت گردی، سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، مراکش کے انتہائی مشکل دنوں میں اس کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن