دہشتگردی کیساتھ انتہا پسندی بھی جڑوں سے ختم کر رہے ہیں: گورنر
لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ چیلنجز آتے رہتے ہیں مگر ہم انکا بھر پور مقابلہ کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ لال مسجد کا مسئلہ حل ہو جائیگاکیونکہ وفاقی حکومت اس بارے تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترافواج ہیں جو ہر محاذ پر ملک دشمنوں کوناکام بنارہی ہیں۔ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ انتہاء پسندی کو بھی جڑوں سے ختم کر رہے ہیں۔ اولیا ء اکرام نے ہمیشہ امن اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیا۔ برصغیر میں اسلام پھیلانے میں بھی پیر عنایت شاہ قادری جیسے اولیاء کا اہم کردار ہے۔ وہ اتوار کے روز پیر عنایت شاہ قادری کے تین روز عرس مبارک کی تقر یبات کے آخری روز دربار پر حاضری اورپھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر تحر یک انصاف کے مرکزی رکن میاں حامد معراج، میاں سلمان شعیب، میاں جاوید علی، صدر انجمن تاجران پنجاب حاجی اعجاز، چیئر مین کمیٹی شاہ عنایت قادری اور حاجی شہبازسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان کی قر بانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہو چکا ہے امن کی وجہ سے پی ایس ایل میچز ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاری آرہی ہے اور پاکستان میں پہلی بار کبڈی کا ورلڈ کپ بھی ہو چکا ہے۔ آج پاکستان تیزی کیساتھ آگے بڑ ھ رہا ہے ہم ایسا پاکستان بنارہے ہیں جو قائدا عظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی امنگوں کے عین کے مطابق ہوگا ظلم اور ناانصافی جیسے مسائل کو جڑوں سے ختم کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے سر مایہ کار مختلف شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کار ی کر رہے ہیں کیونکہ انکو یقین ہے کہ پاکستان میں امن قائم ہو چکا ہے اور سر مایہ کاروں کے جان ومال کو کوئی خطر ہ نہیں۔ نر یندر مودی جسکی وجہ سے خطے میں امن کو شدید خطرات ہیں مگرالحمداللہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین فوج ہے اور اگر بھارت کوئی حرکت کر یگا تواس کو منہ توڑ جواب ہی ملے گا۔