ساہیوال: جعلی پیر نے دہکتا توا خاتون کے پیٹ پر رکھ دیا‘ گلا دبانے کی کوشش
ساہیوال (نامہ نگار) جعلی پیر نے جن نکالنے کیلئے لڑکی کے پیٹ پر گرم توا لگا دیا، گرم چمٹے سے جن پکڑنے کا ڈرامہ، لڑکی تڑپتی رہی۔ ظالم شوہر اور دیورکو رحم نہ آیا، چیخ وپکار پرگردن دبا کرقتل کرنے کی کوشش کی۔ بہن بچانے آئی تو اسے بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کپڑے پھاڑ دیئے۔ والدہ کو بالوں سے پکڑکر زمین پر دے مارا۔ نواحی گاؤں 86/6-R میں محکمہ ایجوکیشن میں ملازم ندیم کی بیٹی کی شادی اسی گاؤں کے رہائشی شکیل سرور سے ہوئی جو بیوی پر تشدد کرکے اس کے ذریعے سسر سے بھاری رقوم ہتھیاتا رہا۔ سسر کی وفات کے بعد بیوی نے میکے سے رقم لانے سے انکارکردیا جس پر شکیل سرور، جاوید، حاجراں اور نسرین نے رمشا کو ٹھکانے لگانے کی منصوبہ بندی کی اور قتل کرنے کیلئے مقامی جعلی پیر بابا انور کو ساتھ ملا کر رمشا پر جنات کا سایہ ہونے کا ڈرامہ رچایا گیا۔ رمشا نے بتایا کہ شوہر شکیل، دیور جاوید نے جن نکالنے کے بہانے جعلی پیر ساتھ لیکر آئے۔ جعلی پیر نے حکم دیاکہ فوری آگ دہکائی جائے، توا، چمٹا، پھونکنی منگوائی جائے۔ ملزموں نے رمشا کو پکڑکر زبردستی زمین پرگرا لیا۔ قمیض زبردستی اوپر اٹھا کرگرم توا اس کے پیٹ سے لگا دیا جس سے وہ تڑپ اٹھی اور توا پھسل کر پسلی کو چھوگیا۔ملزمان تشدد کر کے فرار ہو گئے۔