بھارت میں دلتوں کی پٹائی کا ایک اور واقعہ،ویڈیو وائرل،3افراد پرگدھا چرانے کا الزام
نئی دہلی(اے این این ) بھارتی ریاست راجستھان کے جیسلمیرکے فتح گڑھ رام گاوں میں گذشتہ 15 فروری کو گدھا چرانے کے شک میں تین دلت نوجوانوں کی ہجوم نے پٹائی کی اور اس کے بعد انہیں سنگڑ پولیس کے حوالہ کر دیا۔سنگڑ پولیس نے ان تین نوجوانوں کو دفعہ 151 کے تحت گرفتار کر کے انہیں فتح گڑھ ایس ڈی ایم کورٹ میں پیش کیا۔ جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق گذشتہ ہفتہ ان نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی مارپیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس پر اعلی حکام کے دباو پڑنے کے بعد پولیس نے ان نوجوانوں پر مقدمہ درج کرکے دو ملزموں کو بھی گرفتا ر کیا ہے۔بتایا جا رہاہے کہ ان تینوں نے پہلے گدھے کو باندھ دیا اور چرانے کی نیت سے نوجوانوں نے شام تک انتظار کیا ۔اس کے بعد انہوں نے ایک گاڑی کا بھی انتظام کیا ۔مگر تب تک گاوں میں یہ بات پھیل گئی کہ گدھا کو چرا کر لے جا یاجا رہاہے۔ اس کے بعد ان تینوں نوجوانوں کی پٹائی کی گئی۔اس پورے معاملے میں پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کرنے کی نیت سے آئے ان تینوں نوجوانوں کو دفع 151 کے تحت گرفتار کیا گیاتھا۔اس کے بعد ان تینوں کو ضمانت بھی مل گئی ۔ ہفتہ کو جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اس کے بعد یہ معاملہ ایس پی تک پہنچ گیا ۔اس کے بعد ایس ٹی ایس سی سیل کے نائب صدر مکیش چاوڑا کو معاملہ کی جانچ کے لئے بھیجا گیا۔ اس کے بعد پولیس حرکت میں آئی ۔ اور دلت نوجوانوں پر مقدمہ درج کرا یا گیا۔اس کے بعد ان تینوں جوانوں سے مار پیٹ کر نے والے بھوانی نامی شخص کے علاوہ ایک اور شخص کو گرفتارکیا۔