وزیراعظم کا نمل کی تقریب سے نوجوان کو نکالناکم ظرفی : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کی جانب سے تقریب کے دوران اونچی آواز میں بولنے پر نوجوان کو تقریب سے باہر نکالنے کی بات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا کو گالیاں دینے والے سے ایک لفظ برداشت نہ ہوا۔ پارلیمان پہ حملہ کرنے والا، سول نافرمانی کی کال دینے والا، کنٹینر پہ بل جلانے والا، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹنے کی کال دینے والے سے اپنے خلاف ایک بھی لفظ برداشت نہیں ہوا۔ وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب! نمل یونیورسٹی کی تقریب سے طالب علم کو نکال کر آپ نے کم ظرفی کی۔ وزیراعظم جب ڈیم کے نام پہ نوجوانوں کو ڈیم فول بنائیں گے، تو نوجوان عمران مافیا سے سوال تو پوچھے گا، احتجاج تو کرے گا۔ ترجمان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ عمران صاحب قوم کے مستقبل نوجوانوں کو اقتدار کی طاقت سے بے عزت کرنا قابل مذمت وقابل افسوس ہے۔