• news

5 سال کے دوران نجی شعبہ کو 2901.3 ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی

اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ 5 سال کے دوران نجی شعبہ کو 2901.3 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ مالی سالوں میں نجی شعبہ کو سب سے زیادہ قرضوں کی فراہمی مالی سال 2017-18ء میں کی گئی اور اس دوران شعبہ کو 775.5 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے اسی طرح اس دوران سب سے کم قرضے مالی سال 2014.15 میں فراہم کئے گئے جن کا حجم 223.8 ارب روپے رہا تھا۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2015-16ء کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہوا اور شعبہ کو 460.6 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے۔ مالی سال 2016-17ء کے دوران بھی نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کا رحجان رہا اور قرضوں کا حجم 747.9 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ مزید برآں مالی سال 2017-18ء کے دوران قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا اور دوران سال نجی شعبہ کو قرضوں کی مجموعی فراہمی 775.5 ارب روپے تک بڑھ گئی۔ اسی طرح گزشتہ پانچ سال میں سب سے زیادہ قرضے نجی شعبہ کو فراہم کئے گئے۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے دوران قرضوں کی فراہمی میں کمی ہوئی اور اس دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی کا حجم 693.5 ارب روپے تک کم ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن