• news

آئی جی سندھ کا الیکشن کمشن کو خط، بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے: پلوشہ خان

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر عمر کوٹ کے ایس پی اور ڈی سی کے تبادلے کے مطالبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے اور کلیم امام پی ٹی آئی کے عمر کوٹ کے ضلعی صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا سیاسی کردار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ سلطنت نیازیہ آئی جی سندھ کو بطور وائس رائے استعمال کر کے صوبائی خود مختاری کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ آئی جی سندھ پولیس منتخب نمائندوں کی کھلی کچہری کا بھی نوٹس لینے لگے ہیں۔ آئی جی سندھ کو کس نے یہ اختیار دیا ہے کہ وہ منتخب نمائندوں کے کھلی کچہریوں کا نوٹس لیں۔ یہ سروس ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر آئی جی سندھ کے خلاف محکمانہ کارروائی ہونی چاہیے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس کے متعلق حکومت سندھ کے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں کہ آئی جی سندھ کی تمام تر توجہ پی ٹی آئی کے مفادات تک محدود ہے اور سندھ میں امن و عامہ کا معاملہ ان کی ترجیحات میں نہیں ہے۔ سندھ میں عوام کی منتخب حکومت ہے۔ وفاق سندھ میں بے جا مداخلت کر کے سندھ کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین بند کرے۔ سلیکٹڈ حکومت صوبائی خود مختاری کی دھجیاں اڑا کر آئین سے انحراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کا سیاسی کردار سامنے آنے کے بعد یا تو آئی جی سندھ کو وفاق واپس بلائے یا کلیم امام سرکاری ملازمت چھوڑ کر باقاعدہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن