عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں، ڈیزل 13 روپے تک سستا ہونے کا امکان
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہونے سے پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے سے زائد کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کے سبب خام تیل کی عالمی قیمت میں کمی کے اثرات یکم مارچ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی صورت میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ میں عالمی منڈی سے ڈیزل خریداری 13 روپے 30 پیسے کم قیمت پر ہوئی ہے، پٹرول خریداری کا اوسط ساڑھے 7 روپے سے 8 روپے لٹر کم رہا ہے۔ یکم مارچ سے مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے لٹر کمی کا امکان موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق بجٹ خسارے اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے سبب حکومت پورا فائدہ منتقل کرنے کے بجائے صرف 3 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر سکتی ہے۔ خیال رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ کورونا وائرس کے سبب معاشی سرگرمیوں میں سستی اور تیل کی طلب میں کمی ہے۔ برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.1 فیصد (2.42 ڈالر) کمی کے بعد 56.09 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 4 فیصد (2.12 ڈالر) کمی کے بعد 51.26 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔