• news

مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو سزائیں ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومتی توجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔ مصنوعی مہنگائی کرنے والے کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمتوں پر بجلی کی فراہمی‘ توانائی شعبہ میں اصلاحات ترجیح ہے۔ عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہوں۔ جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کئی دہائیوں بعد آج پاکستان کسی ملک کی جنگ نہیں لڑ رہا۔ عالمی طاقتوں کی جانب سے علاقائی امن میں کردار بدلتے پاکستان کا اعتراف ہے۔ وزیراعظم نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے 6 ہفتوں میں ماسٹر پلان ترتیب دینے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں، بروقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالنے سے توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اپنی زیرصدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا حکومت ایک سے تین سو یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین اور کمزور طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کر رہی ہے تاہم انہیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک کا تشخص اور نئے پاکستان کی شناخت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی معید یوسف، سینٹر فیصل جاوید شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ دورِ حکومت میں نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ اندرون ملک کئی شعبوں میں خاطر خواہ کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شناخت پر فخر محسوس کرنے لگے ہیں۔ کئی دہائیوں کے بعد آج پاکستان کسی اور کی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ دنیا میں امن کے فروغ میں متحرک پارٹنر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس ضمن میں افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار، مسلم امہ میں اتحاد کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان کی کاوشیں، ملک اور خطے کی ترقی کے لئے سی پیک منصوبے میں چین کے ساتھ پارٹنر شپ اور عالمی طاقتوں کی جانب سے علاقائی امن میں کردار کا اعتراف بدلتے پاکستان کا عکاس ہے۔ نیا پاکستان مسلم امہ کے مابین اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ موجودہ دورِ حکومت میں سی پیک کو وسعت دیکر کئی اہم شعبہ جات اس اہم منصوبے میں شامل کیے گئے جس سے نہ صرف تعمیر و ترقی کا سفر تیز ہوا ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ سفارتی محاذ پر آج پاکستان تنہائی کا شکار نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ملک کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق نئے پاکستان میں ان معاملات پر توجہ دی جا رہی ہے جو ماضی میں یکسر نظر انداز کیے جاتے رہے۔ ان میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے اقدامات اوراسلام فوبیا کے خلاف موثر آواز بلند کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیراعظم پاکستان نے منی لانڈرنگ کے عفریت کے خلاف اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے آئندہ مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایات ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہی جو پیر کو ان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ، سینئر افسران اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ابتدائی طور پر صوبہ پختونخواہ کے چار، صوبہ پنجاب میں ایک اور بلوچستان کے ایک ساحلی علاقے میں سیاحت کے حوالے سے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے۔ وژن ماسٹر پلان بیرون سرمایہ کاروں کو سیاحت کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور انفرااسٹرکچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع ریسٹ ہاؤسز کی بحالی اور انتظامات سیاحت کے شعبے سے وابستہ نجی شعبے کو دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لئے کاروبار اور نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آنے والے مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعظم آفس میں پیر کو ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی ملکی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین، وزیراعظم مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول شہریار آفریدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی ، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیرِ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کو ملکی درآمدات میں کمی لانے کے لئے متبادل درآمدات (امپورٹ سبسٹی چیوشن)، بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی پیداوار اوربرآمدات میں اضافے اور ہائی ٹیک مصنوعات کے فروغ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی ملکی سطح پر پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن