مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد، یہ پاکستانی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گنگا رام ہسپتال میں 600 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کسی سے زمین کھود کر ہسپتال کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے جب ہم گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے عظیم الشان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ بہاولنگر، سیالکوٹ، میانوالی، اٹک، راجن پور، لیہ اور مظفرگڑھ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور ان ہسپتالوں کے ساتھ نرسنگ کالج بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ لاہور میں دل کے امراض کے علاج کیلئے ایک نیا ہسپتال بنایا جائے گا۔ ہماری حکومت لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز بھی بنائے گی۔ 500 بستروں پر مشتمل یہ ادارہ اگلے مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے کسی حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے قیام کے بارے میں نہیں سوچا۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا کام مکمل کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی درخواست پر سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نالج پارک میں زمین کی نشاندہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہماری حکومت نے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔ ہسپتالوں میں ادویات وافر موجود ہیں۔ ڈیڑھ برس میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور ہماری حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے ۔ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے۔ عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج 25 فروری کو طلب کر لیا ہے۔ پنجاب کابینہ کے 26 ویں اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔