• news

ٹرمپ کا مسلمانوں کے قاتل مودی کیساتھ کھڑا ہونا انسانیت کی توہین: رحمن ملک

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا گجرات میں مسلمانوں کے قاتل مودی کے ساتھ کھڑا ہونا امریکی عوام سمیت انسانیت کی توہین ہے۔ انہیں بھارت جانے سے پہلے پاکستان آنا چاہیے تھا، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان گنت قربانیاں دی ہیں، جب تک امریکہ نہ چاہے پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا ہے، امریکہ و طالبان مذاکرات میں پاکستان اپنا کردار ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے سے مشروط کرے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ افسوس ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج گجرات گئے جہاں مودی نے مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔ یہی وہی مود ی ہے جس کے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام، ظلم و بربریت کی وجہ سے امریکہ جانے کی پابندی تھی جبکہ امریکی صدر کا گجرات میں مسلمانوں کے قاتل مودی کے ساتھ کھڑا ہونا امریکی عوام سمیت انسانیت کی توہین ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے پاکستان تب تک نہیں نکل سکتا جب تک امریکہ سے ہماری ڈیل نہ ہو جائے، گرے لسٹ میں ہونے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت تباہ ہو رہی ہے جب تک امریکہ نہ چاہے پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا ہے اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے اہم کردار کو مدنظر رکھ کر ایف اے ٹی ایف سے اپنی درخواست واپس لے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا افغان امن و عمل اور باجوہ ڈاکٹرائن قابل ستائش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن